اردو ٹیکنالوجی میں نئی پرواز’’علی نستعلیق‘‘ ریلیز کیلئے تیار

آذر 03, 1394 6376
Nastaliq in Gmail Syed Manzar

اب واٹس ایپ ، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا میں اردو زبان نستعلیق رسم الخط میں استعمال کرسکیں گے

اردو زبان کے چاہنے والوں کیلئے یہ ایک خوش آئند خبر ہے کہ اب اردو ویب سائٹس اورسو شل میڈیا واٹس ایپ ، فیس بک، اسکائپ وغیرہ میں آپ اردو کے رسم الخط نستعلیق میں خط و کتابت کرسکیں گے جوکہ ابھی تک میسر نہیں تھا

اردو رسم الخط نستعلیق نہ ہونے کی وجہ سے دنیا میں کئی کروڑ اردو جاننے والوں کو مجبوراً عربی نسخ فونٹ استعمال کرنا پڑرہا ہے۔

ممبئی کی ایکسس سوفٹ میڈیا نے مخصوص تکینک کے ذریعے ’’علی نستعلیق‘‘ فونٹ کو ترتیب دیا ہے۔

ایکسس سوفٹ میڈیا کے سربراہ سید منظر کے ذریعے پروگرام کیے گئے علی نستعلیق فونٹ میں بہت سی خوبیاں موجودہیں جو صارفین کو سہولت فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ یہ فونٹ کسی بھی ویب سائٹ پر ’’امبیڈ‘‘ ہوسکتا ہے ۔جس سے فیس بک ، جی میل اور دیگرسوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر  خط کتابت ، میسج اور نوٹس وغیرہ اردو نستعلیق رسم الخط میں لکھے اورپڑھے جاسکیںگے۔

علی نستعلیق کی تیاری کے بارے میں سید منظر اور عارف انجم کا کہنا ہے کہ وہ برسوں سےاس طرح کے جدیدنستعلیق بنانے کی کوشش میں لگے رہےابھی تک ایسا کوئی نستعلیق فونٹ نہیں بن پایا تھا جو کمپیوٹر کی جدید تکنیک کے مطابق مختلف پلیٹ فارم پر بیک وقت چل سکے ۔

گوگل اور مائیکروسوفٹ جیسی بڑی کمپنیاں بھی اردو نستعلیق فونٹ کی تیاری میں کوئی ٹھوس کامیابی حاصل نہیں کرپائی۔

الحمد للہ! آج ہم فونٹ کو تیار کرنے میں کامیاب ہوئے اور ہمیں یقین ہے کہ بہت جلداہلِ اردو ہماری اس جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہونگے۔انہوں نے بتایا کہ اس فونٹ کی تیاری میں خطاطی سے لے کر فونٹ کی شکل اور پھر ٹیسٹنگ تمام مراحل کو پار کرنے میں ہمیں تین برسوں کی دن رات محنت کے بعد اس کام کو مکمل کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

اس کی ابتدائی شکلیں کاتب عثمان علی جونپوری نے لکھیں تھی مگر ان کے اچانک انتقال کے بعد کام نہیں آسکی بعد میں اس کو فونٹ کےڈیزائنرعارف انجم انصاری نے کمپیوٹر پر ڈیجیٹل خطاطی کی تکنیک پر ڈیزائن کیا ہے ،یہ فونٹ خطاطی کی دہلوی طرز تحریرکے مطابق ہےاور کمپیوٹر ، موبائل کی نستعلیق کتابت کیلئے نہایت موزوں فونٹ ہے۔اس کی ٹیسٹنگ بھی مکمل ہوچکی ہے اور عنقریب یہ فونٹ آپ کے موبائل ، کمپیوٹر ، ٹیب وغیرہ پر میسر ہوگا۔

کمپیوٹر پر دُنیائے اردو کی اس نئی ایجاد کے تخلیق کارسید منظراور عارف انجم نے ’’علی نستعلیق‘‘ فونٹ کے مکمل ہونے پر اعتماد اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب اس محنت کا ثمرہ اردو زبان کے چاہنے والوں کو بہت جلد مل سکے گا۔

سید منظر کی اس نئی ایجاد کو اردو دنیا میں ایک انقلاب کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

Last modified on پنج شنبه, 18 ارديبهشت 1399 19:10
Login to post comments