برج حمل (سیارہ مریخ)۲۱؍ مارچ سے ۲۰؍ اپریل تک

بهمن 29, 1394 4109

(Aries) والوں کیلئے ۲۰۱۵ءقدرے آزمائشی سال رہا ہے کبھی تو اتنا سخت وقت آیا کہ خود کو بند گلی میں تصور کیا

اور کبھی بندش کا سامنا رہا۔ حالات تھے کہ قابو میں آنے کا نام ہی نہیں لے رہے تھے مگر اب بحکم اللہ۲۰۱۶ءکا آغاز ہو رہا ہے اور اللہ نے چاہا تو یہ آپ کیلئے شروع سے ہی آسانیاں دے گا۔

جنوری سے مارچ تک کا عرصہ آپ کے مستقبل کے بارے میں آگاہی بھی دے گا اور آپ کے لئے ایک نئے راستے کا تعین بھی ہوگا۔ خاص طور پر مالی معاملات میں جتنی بھی خرابیاں‘ نحوست اور بے برکتی تھی وہ سب ختم ہو جائیں گی انشاءاللہ۔ آپ ایک اہم‘ اچھے اور خوبصورت سفر کیلئے خود کو تیار کرلیں گے۔ چونکہ آپ نے سب کو آزما لیا ہے‘ اب اپنے بازو آزمائیں گے اور آپ کی محنت ہی سے بہت کچھ بدل جائے گا اور اللہ نے چاہا تو اس کے ساتھ ساتھ آپ کو غیبی مدد ملتی رہے گی۔ اب آپ ایک سچی توبہ بھی کرلیں اور دوبارہ ان معاملات کی طرف نہ جائیں جو آپ کیلئے خوف‘ دکھ کا باعث بنے تھے۔ اس عرصے میں ایک خاص بات یہ بھی ہونے کا امکان ہے کہ آپ کے ساتھ ماضی میں اپنوں اور غیروں نے جو سلوک کیا تھا‘ آپ ان کو بھی مدنظر رکھ کر ان سے کافی حد تک دوری اختیار کرلیں گے جو کہ حاسدین سے بچنے کا بھی اہم قدم ہوگا اور فی الحال اسی میں بہتری ہے۔ آپ کو اپنی تمام توجہ روزگار اور اپنی فیملی پر لگانی ہے اور اللہ کے حکم سے آپ کو ان معاملات میں بے حد آسانیاں ملیں گی۔ آپ کو اس عرصے میں اگر تبدیلی کے حوالے سے آفر ملیں تو ان کے بارے میں اچھی طرح غور و فکر اور استخارہ کرکے ان کو قبول کرلینے میں ہی آپ کا فائدہ ہوگا۔

آپ سال کی ابتداءمیں ہی اگر جیب اجازت دے تو بکرے کا صدقہ دیں ورنہ حسب توفیق راشن ضرور کسی غریب کو لے کر دیدیں۔ اپریل سے جون تک کا عرصہ بھی آپ کیلئے بڑا اچھا رہے گا۔ اس دوران بھی آپ کا فوکس زیادہ تر روزگار رہے گا اور اولاد کے معاملات پر توجہ مرکوز رہے گی۔ آپ کو روزگار میں تبدیلی کی آفر بھی آسکتی ہے اور ایک وقت میں دو کام بھی چلنے کی خوشخبری مل سکتی ہے۔ بہرحال آپ کو اردگرد کے ماحول سے بے نیاز ہوکر ان دو کاموں پر غور کرنا ہوگا۔ اس وقت آپ کی دلی کیفیت صاف ہونی چاہئے یعنی دل کے معاملات کا اس دوران کوئی حصہ نہیں ہوگا اور اگر آپ نے اس کو چھیڑنے کی کوشش کی تو پھر آپ اپنی پٹری سے اتر جائیں گے اور بہت کچھ خراب ہو جائے گا۔ اس کو زبردست وارننگ سمجھ کر اپنے ذہن میں رکھیں البتہ جائز انداز میں رشتہ طے ہونے اور شادی کے معاملات چلانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ اللہ پاک نے چاہا تو اس میں کامیابی بھی ہے جو لوگ بیرون ملک جانے کے خواہش مند ہوں وہ خاص طور پر مئی میں ضرور کوشش کریں۔ ان کی کوشش بحکم اللہ ضرور رنگ لائے گی۔ اس عرصے میں تعلیم کے حوالے سے بھی اچھی خبریں ملیں گی اور اولاد کے مستقبل کا فیصلہ بھی اسی دوران ہونے کے امکانات روشن ہوں گے۔ کاورباری حضرات جو عرصہ دراز سے مالی مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔ مشتری اور عطارد کے شاندار ملاپ کی وجہ سے ان کو کمال انداز سے پیسہ آتا دکھائی دے گا۔ بس ایسا سمجھ لیں کہ دو تین بڑے چیک ان کے تمام سابقہ نقصانات کا ازالہ کردیں گے۔

جولائی سے ستمبر کا عرصہ گھریلو معاملات‘ خانگی امور‘ نیا رشتہ طے ہونے اور تبدیلی گھر کے حوالے سے بڑا ہی اہم ثابت ہوگا۔ اس میں سب سے پہلے ان معاملات کو حل کرنا ہوگا جس کا تعلق گھر سے ہوگا۔ گھر میں اگر پیسہ ٹھیک آ رہا ہے تو سب سے اچھی بات ہے ورنہ کشیدگی اسی وجہ سے ہوسکتی ہے۔ آپ نے نہایت تحمل سے وقت گزارنا ہے۔ وقتی تنگی تو ہوسکتی مگر یہ کیفیت مستقل طور پر نہیں رہے گی۔ اس لیے سب کو ٹھنڈے مزاج سے اپنی صورتحال سے آگاہ رکھیں گے تو امید ہے کہ گھر کے افراد آپ کی بات کو ضرور سمجھیں گے۔ بس صبر سے وقت کو گزارناآپ کے لئے بہتر ہے کیونکہ مشتری اور عطارد کو ملاپ کچھ عرصہ پہلے ہوا تھا‘ وہاں پر آنے والا سیارہ زحل جلدی ہی اس مقام کو چھوڑ دے گا تو صورتحال تیزی سے سنبھل جائے گی۔ امید ہے کہ اپنی یا اپنی اولاد کے رشتے کے خواہشمند افراد تیزی سے نئے رشتے میں بندھ جائیں گے اور ایک خاص بات کہ ستمبر کے شروع سے کچھ اہم روحانی سلسلے بھی بنیں گے جو کہ آپ کو روحانیات میں وہ مقام دلانے میں مددگار ہوں گے جس کی عرصہ دراز سے خواہش تھی۔ یہ بات بس آپ کے اور اللہ پاک کے درمیان ہی رہنی چاہئے۔

اکتوبر سے نومبر کا عرصہ اللہ کے حکم سے ہر اس شخص کو مشکل سے نکال دے گا جو عرصہ دراز سے خود کو بندش‘ جادو ٹونے اور بدنظری کا شکار محسوس کر رہے تھے۔ قانونی معاملات سے نجات بھی ملے گی اور جو لوگ کسی بھی جرم میں ملوث ہوں یا جیل میں سزا ہی کیوں نہ کاٹ رہے ہوں مکھن سے بال کی طرح نکل کر رہا ہونے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ایک بات یاد رکھیں‘ مخالفین سے صلح کرنا بھی آپ کے حق میں بہتر رہے گا۔ ویسے بھی ناراض عزیز و اقارب خود آپ کو منانے کیلئے چلے آئیں گے۔ اللہ پاک ضرور آپ کو عزت سے نوازیں گے۔ ملازمت پیشہ افراد کیلئے اکتوبر کے شروع میں ہی خوشی کی خبر ہے۔ ترقی اور پھر من پسند جگہ تبادلے کا بھی روشن امکان ہوگا۔ خواہشمند افراد کی شادی کیلئے بھی یہ وقت بے حد خوبصورت ہوگا۔

انشاءاللہ مجموعی طور پر۲۰۱۶ءایک اچھا روحانی اور مددگار سال ہوگا جو کہ برسوں بعد آپ کے دل کی مرادیں پوری کرے گا اور آپ دوبارہ نہایت شاندار پوزیشن پر آ جائیں گے۔

آپ نماز کی پابندی رکھیں اور روزانہ ہزار مرتبہ (اللہ) اور ۴۵۰؍ مرتبہ (حسبنا اللہ و نعم الوکیل) ضرور پڑھ لیا کریں تاکہ کوئی پریشانی نہ آنے پائے۔

Last modified on جمعه, 16 اسفند 1398 12:59
Login to post comments