آہ عبدالستار ایدھی

آہ عبدالستار ایدھی All images are copyrighted to their respective owners.

 انسانیت کے خدمت گزار عبدالستار ایدھی دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں ۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔

عبدالستار ایدھی کو ۵؍جولائی کو انفیکشن کے باعث سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی میں داخل کیا گیا تھا۔ جمعے کی صبح گردوں کے ڈائلسز کے دوران ان کی طبیعت زیادہ بگڑ گئی اور سانس لینے میں بھی دشواری ہونے لگی۔ ان کی حالت نازک ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا۔

 عبدالستار ایدھی کی اہلیہ اور بیٹے نے بتایا ہے کہ بزرگ سماجی رہنما ہائپر ٹینشن اور شوگر جیسے امراض کا شکار تھے جبکہ ان کے گردے بھی ناکارہ ہو چکے ہیں تھے۔ عمر زیادہ ہونے کی وجہ سے ان کا ٹرانسپلانٹ بھی ممکن نہیں تھا۔

 انہیں ۲۰۱۳ءسے ڈائلسز ٹریٹمنٹ دیا جا رہا تھا۔ عبدالستار ایدھی کچھ کھا پی بھی نہیں سکتے تھے جس کی وجہ سے کمزوری بھی بہت زیادہ تھی۔ ان کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے دکھی دل کے ساتھ اطلاع دی ہے کہ عبدالستار ایدھی نے وصیت کی تھی کہ وہ جس لباس میں وفات پائیں، اسی میں ان کی تدفین کی جائے جبکہ انہوں نے اپنے اعضاء بھی عطیہ کرنے کی وصیت کی تھی۔

بلقیس ایدھی صاحبہ نے بتایا کہ ان کی شخصیت میں گزرتے وقت کے ساتھ کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی تھی، مگر جب آج وہ مجھ سے ملے تو انہوں نے مجھ سے اپنی غلطیوں کی معافی چاہی۔

میں نے انہیں کہا کہ میں آپ کو سو دفعہ معاف کرتی ہوں، مگر ایسے دن بھی گزرے ہیں جب میں نے آپ کے لیے مشکل پیدا کی۔ مجھے بھی معاف کر دیں۔

پاکستان کے صدر مملکت ممنون حسین اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی بابائے انسانیت عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ جب کہ اپنے قومی ہیرو کو الوداع کہنے کے لئے ہزاروں افراد نیشنل اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

اس کے علاوہ بھی پاکستان کی اہم سیاسی قیادت اور سماجی رہنما بھی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے نیشنل سٹیڈیم میں موجود تھیں اور سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ ان کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ، گورنر سندھ عشرت العباد ، نثار کھوڑو، رضا ربانی نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

عبدالستار ایدھی کی میت کو پہلے ایدھی سرد خانے سے میٹھادر میں ان کی رہائش گاہ منتقل کیا گیا جہاں ان کے اہل خانہ نے ایدھی صاحب کا آخری دیدار کیا جس کے بعد قومی ہیرو کے جسد خاکی کو پی آئی پی پروٹوکول کے ذریعے لیاری ایکسپریس وے کے ذریعے نیشنل اسٹیڈیم پہنچایا گیا۔ عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ظہر کی نماز کے بعد ادا کی گئی۔ جس کے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے تھے۔جب کہ سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ۱۲؍ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم کو چیک کیا جب کہ سراغ رساں کتوں کی مدد سے بھی اسٹیڈیم کی سرچنگ بھی کی گئی تھی۔

Rate this item
(0 votes)