ثانیہ مرزا کو ’’انڈین آف دی ایئر‘‘ کا ایوارڈ

  • Friday, 10 June 2016 04:41
  • Published in کھیل
ثانیہ مرزا کو ’’انڈین آف دی ایئر‘‘ کا ایوارڈ All images are copyrighted to their respective owners.

یہ اعزاز ان تمام لڑکیوں کیلئے ہے جن کے والدین انہیں ٹینس کھیلنے سے یہ کہہ کر روکتے ہیں کہ رنگ کالا ہو جائے گا

نئی دہلی:(ایجنسی) دنیا کی نمبر ایک خاتون ڈبلز ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا کو جمعرات کی شام یہاں ایک تقریب میں سی این این نیوز ۔۱۸؍ انڈین آف دی ایئر ۲۰۱۵ء ایوارڈ سے نوازا گیا۔

مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے ۲۰۰۰ء سڈنی اولمپک کی کانسہ تمغہ یافتہ خاتون ویٹ لفٹر کرنم ملیشوری کے ساتھ ثانیہ کو اس ایوارڈ سے نوازا۔ سی این این نیوز ۔۱۸؍انڈین آف دی ایئر ۲۰۱۵ء کھیل ایوارڈ کی دوڑ میں گولفر انربان لاہڑی، ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم کھلاڑی پنکج اڈوانی، ہندوستانی کرکٹر روی چندرن اشون، بیڈمنٹن اسٹار سائنا نہوال اور ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا شامل تھیں لیکن ثانیہ کو گزشتہ برس کی ان زبردست کامیابیوں اور دنیا میں نمبر ایک بننے کی کامیابی کے سبب یہ ایوارڈ ملا۔

مسٹر جیٹلی اور محترمہ ملیشوری کے ہاتھوں یہ اعزاز قبول کرنے کے بعد ثانیہ نے کہاکہ میں اس ایوارڈ کو قبول کر کے انتہائی فخر محسوس کر رہی ہوں. ملیشوری میری ’’رول ماڈل‘‘ ہیں جنہوں نے سڈنی میں کانسہ کا تمغہ جیت کر سکھایا کہ خاتون کھلاڑی بھی بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کر سکتی ہیں. جب انہوں نے اولمپک تمغہ جیتا تھا تب میں کافی چھوٹی تھی۔

ٹینس اسٹار نے ساتھ ہی کہا، ’’یہ اعزاز ان تمام لڑکیوں کیلئے ہے جن کے والدین انہیں ٹینس کھیلنے سے یہ کہہ کر روکتے ہیں کہ رنگ کالا ہو جائے گا۔‘‘

ایوارڈ کی تقریب میں حال میں فرانسیسی اوپن کا مکسڈ ڈبلز اور اپنے کیریئر کا ۱۸؍ واں گرینڈ سلیم خطاب جیتنے والے ٹینس اسٹار لینڈر پیس کو خصوصی جیوری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ پیس نے یہ ایوارڈ قبول کرنے کے بعد کہا، ’’یہ اعزاز مجھے میرے والد ڈاکٹر ویس پیس کی بدولت ملا ہے جنہوں نے مجھے سکھایا تھا کہ ملک کے لیے کھیلنا سب سے بڑا اعزاز ہوتا ہے. آج میں جہاں ہوں انہی کی بدولت ہوں۔‘‘

سی این این نیوز ۔۱۸؍ انڈین آف دی ایئر ۲۰۱۵ء کے لئے انٹرٹینمنٹ زمرہ میں دبنگ فلم بنانے والے ایس ایس راجامولی کو یہ ایوارڈ ملا جبکہ تنو ویڈس منو کی اداکارہ کنگنا رانوت کو خاص کامیابی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

بزنس کلاس میں انڈین آف دی ایئر کا ایوارڈ بندھن بینک کو ملا جبکہ پبلک سروس کے لیے چنئی کے لوگوں کو یہ اعزاز دیا گیا جنہوں نے گذشتہ دسمبر میں چنئی میں آئے خطرناک سیلاب میں ایک دوسرے کی مدد کے لیے بے مثال کام کیا تھا. چنئی کی طرف سےیہ اعزاز قبول کرنے والوں میں شطرنج کے بادشاہ وشوناتھن آنند کی بیوی ارونا آنند بھی شامل تھیں۔

Rate this item
(0 votes)

Related items