انضمام بنے پاکستان کے چیف سلیکٹر

  • Tuesday, 19 April 2016 04:14
  • Published in کھیل
انضمام بنے پاکستان کے چیف سلیکٹر All images are copyrighted to their respective owners.

سابق کپتان اور تجربہ کار بلے باز انضمام الحق پاکستان کے نئے چیف سلیکٹر بن گئے ہیں۔

کراچی:(ایجنسی ) انضمام اکتوبر ۲۰۱۵ءسے افغانستان کی ٹیم کو کوچنگ دے رہے تھے اور ان کا افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کے ساتھ دسمبر ۲۰۱۶ءتک کا معاہدہ تھا۔لیکن اے سی بی کے سربراہ شفیق استانك زئي نے ہفتہ کو کہا تھا کہ وہ انضمام كو ریلیزکرنے کے لئے  تیار ہیں۔

سابق بلے باز انضمام پاکستانی ٹیم کے ساتھ پہلے بھی کام کر چکے ہیں لیکن سلیکٹر کے طور پر یہ ان کا پہلا تجربہ رہے گا۔وہ ۲۰۱۲ءمیں ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ رہے تھے۔

انضمام کی چیف سلیکٹر کے طور پر تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستانی کرکٹ میں کافی تبدیلی آئی ہے۔ان کے سابق ساتھی وقار یونس نے گزشتہ ۲؍ اپریل کو کوچ کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا اور اس کے ایک دن بعد شاہد آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی چھوڑ دی تھی۔پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کارکردگی کافی خراب رہی تھی اور وہ چار میں سے تین میچ گنوا کر پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہو گیا تھا۔

چیف سلیکٹر بننے پر انضمام کو اپنی ماہانہ تنخواہ میں بھاری کٹوتی جھیلنی پڑے گی اور انہیں افغانستان کرکٹ ٹیم کے کوچ عہدے پر ملنے والی ماہانہ تنخواہ ۱۲؍ لاکھ روپے کی جگہ اب ۸؍ لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ ملے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انضمام کے درمیان ہوئے معاہدے کے بعد سابق کپتان نے ۸؍ لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر کام کرنے پر اپنی رضامندی دے دی ہے۔

انضمام نے افغانستاني ٹیم کے کوچ کے عہدے سے بھی استعفی دے دیا تھا۔اس سے پہلے پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے بھی انضمام کے نام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ٹیم کے اگلے چیف سلیکٹر ہوں گے اور اب ان کے نام پر مہر لگ گئی ہے۔

شہریار نے کہاکہ ہم انضمام جیسے تجربہ کار کھلاڑی کے وسیع تجربے کا فائدہ لینا چاہتے ہیں اور افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کے انہیں بطور ٹیم کے کوچ کے عہدے سے آزاد کیے جانے کے بعد ہم نے ان کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ہم اس عہدے کے لیے ایسے شخص کی تقرری چاہتے تھے جسے جدید کرکٹ کی سمجھ ہونے کے علاوہ کرکٹ کی دنیا میں قابل احترام مقام حاصل ہو اور مجھے لگتا ہے انضمام ان پیرامیٹرز میں کھرے اترتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بطور چیف سلیکٹر انضمام کی تقرری سے ہمیں سلیکٹر پینل کے دیگر ارکان کی تقرری کرنے میں بھی مدد ملے گی۔اس کے علاوہ ٹیم کے اگلے کوچ اور کپتان کی تقرری کے سلسلے میں بھی انضمام کی تجاویز مددگار ہوں گی ۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی طرف سے کھیلتے ہوئے ۳۷۸؍ ون ڈے اور ۱۲۰؍ ٹیسٹ کا تجربہ رکھنے والے انضمام کے علاوہ سابق ٹیسٹ کھلاڑی محسن خان، اقبال قاسم اور معین خان بھی اس عہدے کے دعویداروں میں تھے۔

Rate this item
(0 votes)

Related items